دمشق29ا؍گست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)شامی میں انسانی حقوق کے ایک مانیٹرنگ گروپ نے بتایا ہے کہ شامی لڑاکا طیاروں نے حمص شہر کی محاصرہ زدہ الوعر کالونی پر بمباری کی ہے۔ یہ کارروائی داریا میونسپلٹی سے شہریوں اور جنگجوؤں کے انخلاء کے ایک دن بعد عمل میں آئی ہے۔مانیٹرنگ گروپ نے بتایا کہ الوعر کالونی پر بارہ سے زیادہ فضائی حملوں میں سات شامی شہریوں کی ہلاکت ہوئی۔ مرنے والوں میں ایک خاتون اور بچے سمیت دسیوں زخمی افراد بھی شامل ہیں۔بمباری کے بعد رضاکاروں کی جانب سے زخمیوں کی بنائی گئی ویڈیوز میں جھلسے ہوئے ننھے بچوں زخموں سے بلبلاتے دیکھتے جا سکتے ہیں۔ رضاکاروں کے مطابق یہ بچے شامی فضائیہ کی طرف سے آگ لگانے والے بموں کے استعمال کی وجہ سے جھلسے ہیں۔ایک برس کے اندر الوعر کالونی پر شامی فضائیہ کا اپنی نوعیت کا یہ پہلا حملہ ہے۔